بیجنگ،28اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)چین میں قومی ترانہ کے احترام کیلئے مسودہ قانون تیار کر لیا گیا، چینی حکومت قومی ترانے کو مناسب انداز میں اور مخصوص مقامات پر پیش کرنے کیلئے قانون کا ایک مسودہ تیار کررہی ہے، مسودہ قانون میں قومی ترانے کے بارے میں قوانین کی خلاف ورز ی کرنے یا قومی ترانے میں تبدیلی کرنے کو جرم قراردیا جائے گا اور ایسا کرنیوالوں کیخلاف فوجداری مقدمہ چلایا جائے گا یا انہیں پندرہ دن کیلئے نظر بند کر دیا جائے گا،قومی ترانے کے بارے میں مسودہ قانون دوسری خواندگی کیلئے نیشنل پیپلز کانگرس سٹینڈنگ کمیٹی کے دو ماہی اجلاس میں پیش کیاجائے گا جو گذشتہ روز یہاں شروع ہو گیا ہے۔
مسودہ قانون میں کہا گیا ہے کہ قومی ترانہ تجہیز و تکفین دیگر غیرمناسب نجی مواقع، تجارتی اشتہارات کے موقع پر پیش نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی اس کے پس منظر میں اس کی دھنیں بجائی جائیں گی، قومی ترانے کی اجازت صرف سیاسی اجتماعات اور نیشنل پیپلز کانگرس کے افتتاحی اور اختتامی اجلاس کے موقع پر، آئینی حلف برداری کی تقریبات یا قومی پرچم لہرانے کے مواقع،بڑی تقریبات،ایوارڈ عطا کرنے کی تقریبات، قومی یادگاری ایام، اہم سفارتی مواقع، بڑے سپورٹس ایونٹس اوردیگر مناسب مواقع پر ہو گی۔
مسودہ قانون میں شہریوں کی حوصلہ افزائی کیلئے اجازت دی گئی ہے کہ وہ حب الوطنی کے اظہار کے لئے مناسب تقریبات میں قومی ترانہ پیش کر سکتے ہیں، یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ قومی ترانے کا مکمل متن پرائمری اور سیکنڈری سکولوں کے نصاب میں بھی شامل کیا جائے گا۔